آخری موقع ہے، ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھا لیا جائے مشیر خزانہ

May 15, 2019 11:54 am0 commentsViews: 2

ارکان پارلیمنٹ، سرکاری عہدہ رکھنے والوں اور ان کے اہلخانہ پر پابندی ہو گی‘عبدالحفیظ شیخ
اس اسکیم کا مقصد ریونیو جمع کرنا نہیں معیشت کو چلانا ہے‘ شبر زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی ایمسنٹی اسکیم میں حصہ لے سکتا ہے لیکن ارکان پارلیمنٹ، سرکاری عہدہ رکھنے والوں اور ان کے اہلخانہ پر پابندی ہے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ آج اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے 30 جون تک اس میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا ہے۔چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یہ ایمنسٹی اسکیم ماضی کی اسکیم سے مختلف ہے۔ اس اسکیم کا فلسفہ کاروباری حوصلہ افزائی ہے۔ آخری موقع ہے، ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھا لیا جائے۔ اس اسکیم کا مقصد ریونیو جمع کرنا نہیں بلکہ معیشت کو چلانا ہے۔ پچھلے پانچ سال میں ایکسپورٹ میں رتی بھر اضافہ نہیں ہوا تھا۔ چیئرمین ایف بی آر کو ٹیکس اکٹھا کرنے کے لیے مکمل اختیار دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے اندر اور باہر تمام اثاثے ظاہر کیے جا سکیں گے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ کسی بینک اکاؤنٹ میں رکھے جائیں۔ رئیل سٹیٹ کے علاوہ تمام سیکٹرز پر 4 فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔ بیرون ملک اثاثے رکھنے والے 4 فیصد کی بجائے 6 فیصد ٹیکس ادا کرینگے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی ایمنسٹی سکیم بہت آسان ہو۔ یہ سب کچھ پاکستان کے فائدے میں کر رہے ہیں۔