پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر اور سونے کی قیمتوں کو ایک بار پھر اونچی اڑان

May 15, 2019 12:11 pm0 commentsViews: 14

امریکی ڈالر کی قیمت خرید 20پیسے اور قیمت فروخت میں 45پیسے مہنگا ہوگیا
مقامی صرافہ بازار مارکیٹوں میں سونا فی تولہ 700روپے مہنگا ہوگیا
کراچی (کامرس رپورٹر) ڈالر اور سونا ایک بار پھر مہنگا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 20 پیسے اور قیمت فروخت میں 45 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں استحکام رہا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 20 پیسے اور قیمت فروخت میں 45 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 143.00 روپے سے بڑھ کر 143.20 روپے اور قیمت فروخت 143.50 روپے سے بڑھ کر 143.95 روپے ہوگئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 141.40 روپے اور قیمت فروخت 141.50 روپے پر مستحکم رہی۔ دوسری طرف بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 14 ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونا 700 روپے مہنگا ہوگیا۔