بلوچستان میں سندھ کے 3 محنت کشوں کی ٹارگٹ کلنگ

May 15, 2019 12:22 pm0 commentsViews: 3

نصیر آباد گوٹھ نذیر احمد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کنگلی، ارجی اور میر ماچھی کو قتل کردیا
حملے کا نشانہ بننے والے ٹنڈو آدم کے مزدور روڈ کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 مزدور جاں بحق ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق سندھ سے ہے۔ پولیس کے مطابق نصیر آباد کے علاقے گوٹھ نذیر احمد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 3 مزدوروں گنگلی، ارجی اور میر ماچھی کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ سے ایک مزدور زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق سندھ کے علاقے ٹنڈو آدم سے بتایا گیا ہے، حملے کا نشانہ بننے والے مزدور روڈ کے ایک منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر منجھو شوری پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر قریبی اسپتال پہنچایا، جبکہ سی ٹی ڈی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، ایس ایس پی نصیر آباد عرفان بشیر نے واقعہ کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے۔