موٹر سائیکلوں کی چوری روکنے کیلئے پولیس افسران نے سر جوڑ لئے

May 17, 2019 11:44 am0 commentsViews: 9

قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کیا جائے، اے آئی جی کراچی
ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، جرائم کیخلاف اقدامات مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال
کراچی (کرائم رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی زیرِ صدارت ایک اعلی سطح کا اجلاس کراچی پولیس آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں رمضان کے دوسرے عشرے کی مناسبت سے سیکورٹی, موٹرسائیکل کی چوری کی روک تھام اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے پولیس کو ہدایت دی کہ قانون نافذ کرنیوالے اور انٹیلی جینس ایجنسیوں سے تمام تر روابط کو ہر سطح پر مزید مضبوط کیا جائے، تاکہ امن و امان کے حالات پر کنٹرول اور جرائم کے خلاف مجموعی اقدامات کو موثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں سی پی ایل سی چیف کے علاوہ تمام زونل ڈی آئی جیز کراچی ، ڈی آئی جی سی آئی اے کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک، تمام ضلعی ایس ایس پیز، ایس ایس پیز انویسٹی گیشن ون اور ٹو ایسٹ نے شرکت کی۔اجلاس میں افسران نے موٹر سائیکل چوری کی روک تھام اور اس کی ریکوری سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر کراچی پولیس چیف نے ہدایت دی کہ برآمد کی گئی موٹر سائیکلیں متعلقہ تھانے کا سربراہ چوبیس گھنٹے کے اندر اے سی ایل سی کو آگاہ کرنے کا پابند ہوگا۔