کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لئے تیار ہیں، آرمی چیف

May 18, 2019 6:23 pm0 commentsViews: 7

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لئے بھی تیار ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک افغان سرحد پر اگلی پوسٹوں کا دورہ کیا، سربراہ پاک فوج نے دورہ داوا توئی شمالی وزیرستان میں اگلی چوکیوں پرکیا، یہ وہ علاقہ ہے جہاں یکم مئی کو سرحد پار سے دہشت گرد حملے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج کو پاک افغان بارڈ ر پر باڑ لگانے ، آپریشن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور سماجی ترقی کے منصوبوں اور ٹی ڈی پیز کی بحالی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقے میں استحکام کے لئے کردار اور جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی اور خطے میں امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھے گا۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ہم کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے لئے تیار ہیں، اسی طرح ہم مشرقی سرحد پرچوکس ہیں اور پیشہ وارانہ تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جب کہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے سرحدی باڑ کے ساتھ ایف سی قلعوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔ پاکستان کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن یہ اتنے نہیں ہیں جتنے ماضی قریب میں تھے، کامیابی کی جانب سفر جاری رکھنے کیلئے ہمیں صبر ، عزم اور اتحاد کی ضرورت ہے۔