لانچ ڈوبنے سے 2ماہی گیر لاپتہ ایک کی لاش مل گئی ٗ 7 زندہ بچ گئے

May 22, 2019 12:43 pm0 commentsViews: 4

ابراہیم حیدری جیٹی سے مچھلی کا شکار کیلئے جانیوالی لانچ کو تیز لہروں کے باعث پیش آیا
امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاپتہ ماہی گیر کی تلاش شروع کردی ٗ ترجمان ایدھی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ابراہیم حیدری جیٹی کے قریب شکار کے لیے جانے والی لانچ ڈوب گئی، 7 ماہی گیر زندہ واپس آگئے۔ لاپتا 2 ماہی گیروں میں سے ایک ماہی گیر کی لاش نکال لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری جیٹی کے قریب پیر و منگل کی درمیانی شب سمندر میں مچھلی کے شکار کے لیے جانے والی لانچ اچانک ڈوب گئی جس کے نتیجے میں اس میں موجود 9 ماہی گیر سمندر میں ڈوب گئے تاہم 7 ماہی گیر تیر کر زندہ واپس آنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم 2 ماہی گیر سمندر کی تیز لہروں میں گم ہوگئے جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاپتا ماہی گیروں کی تلاش شروع کردی، ایدھی ترجمان نے بتایا کہ منگل کی شب ایک لاپتا ماہی گیر کی لاش ابراہیم حیدری سے نکالی گئی جس کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی شناخت 22 سالہ سعید ولد امین کے نام سے کی گئی جوکہ کورنگی سو کوارٹر کا رہائشی تھا۔