کراچی میں پانی بحران کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں

May 23, 2019 12:49 pm0 commentsViews: 13

کے فور منصوبہ جلد مکمل کرانے کیلئے نیب متحرک ہوگیا
حکام کا منصوبے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار، عدم دلچسپی پر محکمہ بلدیات کے افسر کی سرزنش
واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیدیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کو پانی کی فراہمی کا بڑا منصوبہ کے فور جلد مکمل کرانے کے لیے نیب متحرک ہوگیا۔ حکام نے منصوبے میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رکاوٹیں دور کرنے کے لیے دبائو بڑھا دیا اور نیسپاک سے منصوبے کی تفصیلی رپورٹ مانگ لی جبکہ عدم دلچسپی پر محکمہ بلدیات کے افسر کی سرزنش کی گئی۔ گزشتہ روز اس حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شریک واٹر بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے سائز، روٹ اور ڈیزائن میں تبدیلی سے نہ صرف تاخیر ہوئی بلکہ لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ڈی جی نیب کراچی بریگیڈیئر (ر) فاروق نصیر اعوان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پانی کے بحران کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور اس مقصد کے لیے نیب کراچی کی طرف سے ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔ قبل ازیں اجلاس میں منصوبے کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں منصوبے کی لاگت میں اضافے اور تکمیل کی مدت میں تاخیر کے اسباب پر بھی غور کیا گیا۔