کے ایم سی کا ایکشن فٹ پاتھ پر قائم فلاحی اداروں کے دفاتر، دستر خوان مسمار

June 12, 2019 12:48 pm0 commentsViews: 7

چھیپا، ایدھی، سیلانی، عالمگیر ویلفیئر و دیگر کو 3 مرتبہ نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ضلع وسطی میں مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 65 مقامات پر فٹ پاتھ اور سڑک کے کنارے قائم فلاحی اداروں کے دفاتر اور دستر خوان مسمار کر دیے جبکہ ضلع شرقی میں آج بروز بدھ کارروائی کی جائے گی۔ سپریم کورٹ کی ہدایات کے تحت انسداد تجاوزات کے اس آپریشن میں جن اداروں کی طرف سے فٹ پاتھ پر قائم دفاتر مسمار کیے گئے ان میں چھیپا، ایدھی فائونڈیشن، سیلانی، عالمگیر ویلفیئر، فلاح انسانیت ٹرسٹ اور دیگر ادارے شامل تھے جن کے خلاف گلبرگ، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد نزد بورڈ آفس، نارتھ کراچی، سخی حسن چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، گولیمار، پاور ہائوس چورنگی اور ضلع وسطی کے دیگر علاقوں میں کارروائی کی گئی، قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے محکمہ انسداد تجاوزات کے ذریعے مذکورہ بالا فلاحی اداروں کو تین مرتبہ نوٹس جاری کیا تھا کہ وہ اپنے دستر خوان، دفاتر اور پنجرے وغیرہ فٹ پاتھوں سے ہٹا لیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ ان اداروں کو تنبیہ بھی کی جاچکی ہے کہ فٹ پاتھ پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے ہیں لہٰذا یہاں فلاحی یا کاروباری سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔