آصف زرداری 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

June 12, 2019 1:07 pm0 commentsViews: 2

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔نیب نے آصف زرداری کو عدالت میں پیش کیا اور 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔نیب پراسیکیوٹرکی جانب سے کہا گیا کہ آصف زرداری کی گرفتاری کے لئے 8 ٹھوس بنیادیں ہیں، انہوں نے جعلی اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشن کرکے غیر قانونی آمدن کو جائز کرنے کا منصوبہ بنایا اور اپنے فرنٹ مین و بے نامی داروں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی، انہوں نے بینک حکام کی معاونت سے جعلی اکاؤنٹس کھولے، پارک لین کی فرنٹ کمپنی پارتھینون کو بھی پیسے آتے رہے۔احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے 21 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کے اندر اور باہر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ احتساب عدالت کو جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا تھا جب کہ جوڈیشل کمپلیکس کے اردگرد سیکورٹی کے لیے 1500 اہلکاروافسران تعینات کیے گئے۔