سنگین غداری کیس: پرویز مشرف کا دفاع کا حق ختم

June 12, 2019 2:54 pm0 commentsViews: 8

اسلام آباد: خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کا دفاع کا حق ختم کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت ہوئی میں جہاں سابق صدر کے وکیل نے بتایا کہ پرویز مشرف زندگی کی جنگ لڑرہے ہیں، وہ ذہنی اور جسمانی طور پر اس قابل نہیں کہ ملک واپس آسکیں۔ سابق صدر کا وزن تیزی سے کم ہو رہا ہے، وہ وہیل چئیر پر ہیں اور پیدل بھی نہیں چل سکتے۔

پرویز مشرف کے وکیل نے ان کے عدالت میں پیش ہونے کے لیے ایک اور موقع دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر کے دل کی کیموتھراپی کے بعد صحت مزید خراب ہوتی ہے، انسانی ہمدردی کے تحت ایک اور موقع کی استدعا کر رہا ہوں۔ پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے بریت اور التواء کی درخواست کی گئی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرکے کچھ دیر بعد سنایا اور یہ درخواستیں مسترد کردیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ ملزم چونکہ خرابی صحت کے باعث پیش نہیں ہوپارہا، سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے گا، ملزم پیش نہیں ہوتا تو کیس ختم کرنےکی درخواست کو ناقابل سماعت سمجھتے ہیں، وزارت قانون وکلا کا ایک پینل بنائے جو ملزم کا عدالت میں دفاع کرے، وزارت قانون ان وکلا کے فیس شیڈول کے بارے میں رپورٹ پیش کرے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ ملزم نے عدالت میں پیش نہ ہو کر اپنے دفاع کا حق کھو دیا، اب عدالت کیس کی کارروائی کو چلانے کے لیے وکیل صفائی مقرر کرےگی،اس مقصد کے لیے وزارت قانون وکلا کا پینل تجویز کرے۔ خصوصی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔