امیر لوگوں کو ملک سے مخلص ہونا ہوگا‘ مشیر خزانہ

June 12, 2019 3:50 pm0 commentsViews: 9

اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہےکہ معاشی اہداف کےحصول کے لیے کچھ لوگوں کو ناراض کرنا ہوا تو تیار ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ معیشت مشکل دور سےگزررہی ہے، حکومت کو پہلے دن سے ہی مشکل حالات کا سامنا رہا، بجٹ کے اندر تین سے چار چیزوں کو ہدف رکھنے کی کوشش کی ہے، کوشش کررہے ہیں پھر بھی ہم پر تنقید کی جارہی ہے۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان کے امیر لوگوں کو ملک سےسچا ہونا ہوگا، خطے کے امیر لوگ پاکستان کے امیر لوگوں سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں۔ مشیر خزانہ نے بتایا کہ موجودہ حکومت سے پہلے 100 ارب ڈالر قرض لیے گئے، ماضی کے قرضوں کا سود دینے کے لیے قرض لے رہے ہیں، 2900 ارب ماضی کے قرضوں کی ادائیگی پر سود کے لیے رکھے جا رہے ہیں، مسلح افواج کے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، مسلح افواج نے پچھلے سال کا 1150 ارب کا بجٹ اسی سطح پر منجمد کیا۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ معاشی اہداف کے حصول کے لیے کچھ لوگوں کو ناراض کرنا ہوا تو تیار ہیں۔ برآمدات میں واضح کمی آئی جس سے ڈالر کی قیمت بڑھی، تیل کی عالمی قیمتیں بڑھنے پر چھوٹے صارفین کیلیے 216 ارب روپے رکھے ہیں، نان فائلر اور فائلر میں فرق ختم کررہے ہیں اور یہ سسٹم ختم کیا جارہا ہے، 45 دن میں فائلر نہ بنا تواس کے ذمے ٹیکس کی اطلاع پہنچادی جائے گی، نان فائلر نے 20 لاکھ کی گاڑی خریدی تو آمدنی کا ذریعہ پوچھا جائےگا۔ جوخام مال پاکستان میں نہیں پیداہوتا اس پر کسٹم ڈیوٹی صفر کردی ہے، برآمدکنندگان پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا۔