شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت 13 اہم شخصیات کی گرفتاری متوقع

June 17, 2019 1:56 pm0 commentsViews: 18

سندھ کی دو اہم حکومتی شخصیات کی بھی جلد گرفتاری کا امکان ہے
تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیت کے گرد گھیرا تنگ
نیب نے شواہد جمع کرلئے، جلد گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال سمیت 13 اہم سیاسی و سرکاری شخصیات کی گرفتاری متوقع ہے جبکہ سندھ کی 2 اہم حکومتی شخصیات اور تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیت کی گرفتاری کابھی امکان ہے۔ با وثوق ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں پاکستان کے اندر مزید بڑی سیاسی گرفتاریاں متوقع ہیں ،شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے حوالے سے کئی ایسے اہم ثبوت تحقیقات کرنیوالے اداروں کو مل چکے ہیں جن کے مطابق ان پر لگے الزامات درست ثابت ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے ایک سے زائد ایسے افراد بھی سامنے آ چکے ہیں جنہوں نے ان پرلگے الزامات کے حوالے سے وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے کہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی پر جو الزامات ہیں انکی تحقیقات ہو رہی ہے اور نیب کے علاوہ اور بھی ادارے اس حوالے اے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان تمام اداروں کو بھی اہم ترین ثبوت مل چکے ہیں، اسکے حوالے سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی آگاہ ہیں اسلئے شاہد خاقان عباسی چند روز سے نیب کیخلاف کھل کر بول رہے ہیں اور یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ شاید نیب انہیں ناجائز گرفتار کریگا۔ نیب نے ان لوگوں کیخلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے چاہے وہ با اثر شخصیات ہیں۔ نیب نے پہلے تمام اپنے ثبوت شواہد اکٹھے کئے ہیں اوراسکے بعد ان کیخلاف کارروائی کو عمل میں لایا جا رہا ہے تا کہ کسی کی گرفتاری کو سیاسی گرفتاری نہ کہا جائے اور جس جگہ بھی اس کو بلایا جائے نیب وہاں جا کر ثبوتوں کیساتھ اس کو فیس کر سکے۔ احسن اقبال کیخلاف ایک اہم حکومتی شخصیت نے بہت سے ثبوت مختلف اداروں کو دیئے ہیں۔ ثبوتوں کی روشنی میں احسن اقبال بھی نیب کے ریڈار پر آ چکے ہیں۔ تحریک انصاف کی ایک اہم شخصیت کے قریبی عزیز کی گرفتاری بھی آئندہ چند روز میں متوقع ہے ، اس اہم ترین شخصیت کے حوالے سے بھی کہا جا رہا ہے کہ اسکے اکائونٹس اور دیگر معاملات اسکے قریبی عزیز چلا رہے تھے جس پر انکی گرفتاری متوقع ہے۔ گرفتاری کے بعد اس اہم شخصیت کی گرفتاری بھی ہو سکتی ہے جبکہ ایسے بیوروکریٹس جو سابق دور حکومت میں بھی تھے اور موجودہ حکومت میں بھی ہیں انکے حوالے سے بھی کئی کرپشن کے ثبوت مل چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں پاکستان کے اندر جیسے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی گرفتاریاں ہوئی ہیں اس طرح مزید بڑی گرفتاریان بھی متوقع ہیں، ان بڑی گرفتاریوں کے بعد سیاسی ماحول زیادہ گرم ہو جائیگا۔