منگھوپیر میں 3 روزہ ’’شیدی میلہ‘‘شروع ہوگیا

June 17, 2019 1:58 pm0 commentsViews: 10

افتتاحی تقریب میں 4 قبیلوں میں سے ایک قبیلے نے دھمال ڈالی، رسومات آج اور کل بھی جاری رہیں گی
عالمی اہمیت کے حامل میلے کے آغاز پر اس مرتبہ بھی کسی سرکاری شخصیت نے شرکت نہیں کی
کراچی( نیوز ڈیسک) منگھو پیر کے مزار پر تین روزہ شیدی میلہ شروع ہوگیا ۔مزار سے ملحق تالاب میں موجود150 سے زائد مگر مچھوں کے سردار مور صاحب کو میوہ جات سے تیار کردہ خوراک(چوری) کھلا کر اور خوشبو لگا کر رسومات کا آغا زکیا گیا۔ شیدی میلہ منگھو پیر کے مزار کی برسوں پرانی روایت ہے۔ منتظمین کے مطابق عالمی اہمیت کے حامل اس میلے کے آغاز پر اس مرتبہ بھی کسی سرکاری شخصیت نے شرکت نہیں کی۔ سیکورٹی خدشات کے باعث میلے کا انعقاد چھ سال تک معطل رہا تھا۔ تاہم گزشتہ سال سے اس روایت کو دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں چار قبیلوں میں سے پہلے قبیلے کی خواتین نے دھمال ڈالی‘ مگر مچھوں کے سردار مور صاحب کو سندور لگایا گلاب کے ہار پہنائے اور بادامی حلوے سے آئو بھگت کی۔ اگلے دو روز تک اب دیگر قبائل کی خواتین اس قسم کی رسومات ادا کریں گی۔ افتتاحی تقریب کے آخر میں منگھو پیر کے مزار پر اجرک چڑھائی گئی۔