کراچی: پولیس اہلکاروں کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ طلب

June 17, 2019 2:34 pm0 commentsViews: 5

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات ، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بہت افسوس ہے، شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خاندان کی مالی معاونت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں، پولیس اہلکاروں کی شہادت سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم آج بھی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد ان کی فیملی کا مکمل خیال حکومت سندھ رکھے گی۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں آج صبح ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی ایک واردات میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔