انگوٹھوں کے نشانات مٹ جانیوالے شہریوں کیلئے بائیو میٹرک شرط ختم

July 10, 2019 12:02 pm0 commentsViews: 7

حادثات یا عمر رسید ہ ہونے کی وجہ سے شناختی کارڈ بنوانے اور بینک اکائونٹ کھلوانے کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے
شناختی کارڈ ٗ پاسپورٹ ٗ موبائل سم اور بینک اکائونٹ کھلوانے کیلئے بائیو میٹرک کی شرط لاگو نہیں ہوگی ٗ وزیر اعظم آفس
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بزرگ شہری کی شکایت پر وزیراعظم نے نوٹس لے لیا، حکومت نے حادثات یا عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے انگلیوں کے بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے بائیو میٹرک شرط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ شناختی کارڈ، پاسپورٹ، موبائل سم اور بینک اکائونٹ کھلوانے کے لیے بائیو میٹرک کی شرط لاگو نہیں ہوگی۔ وزیراعظم آفس نے نادرا کو خط لکھ کر 30 روز کے اندر اس حوالے سے کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے مابین ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ پاکستان میں بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کے انگوٹھوں کے نشانات مٹ چکے ہیں ایسے افراد کو شناختی کارڈ بنوانے اور بینک اکائونٹ کھلوانے کے دوران سرکاری دفاتر اور بینکوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات مٹ چکے ہیں ان کے لیے الگ میکنزم تیار کیا جائے گا۔