بلاول کا مہنگائی کیخلاف سکھر میں کل دھرنے کا اعلان

July 11, 2019 11:59 am0 commentsViews: 2

امید ہے گھوٹکی ضمنی الیکشن میں فوج کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا
دھاندلی زدہ اورعوام دشمن بجٹ سے لوگوں کا جینا مشکل‘کنونشن سے خطاب
روہڑی (مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 12 جولائی کو سکھر میں مہنگائی کے خلاف دھرنا دینے اور 13جولائی کو سکھر پنجاب بارڈرتک ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عمران خان کے لیے فوج کو متنازعہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ فاٹا میں فوج کو پولنگ سٹیشن سے ہٹانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اور مجھے اْمید ہے کہ گھوٹکی میں ضمنی الیکشن میں بھی فوج کو پولنگ سٹیشنز سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی زدہ اور عوام دشمن بجٹ نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ پنجاب ،بلوچستان ،سندھ اور خیبرپختونخوا کا معاشی قتل کیا جا رہاہے۔ سکھر میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی سیاسی لڑائی پیپلزپارٹی سے ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ پورے صوبے کو ٹارگٹ کیا جائے۔ پی ٹی آئی کا وزیر قومی اسمبلی میں اعتراف کر چکا ہے کہ سندھ کا پانی چوری ہورہا ہے لیکن اس کے اعتراف کے باوجود سندھ کے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا جا رہا ہے۔نمائندے کے مطابق کنونشن میں چیئرمین بلاول بھٹو کا خطاب تاخیر سے شروع ہونے پر جیالوں نے ہال سے نکلنا شروع کردیا تھا ، جب کہ پیپلزپارٹی تحصیل روہڑی کے صدر حاجی نبی بخش جسکانی نے بلاول بھٹو کو سندھ کی ثقافت بوسکی کی پگڑی پہنائی۔ اس موقع پر کارکنان نے ’’جئے بھٹو ‘‘ اور’’گو نیازی گو‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔دھرنے کا اعلان