٭٭٭عوام پہلی بار اب آٹے پر بھی جنرل سیلزٹیکس اداکریں گے٭٭٭

July 11, 2019 11:59 am0 commentsViews: 2

17فیصدجی ایس ٹی نافذ ‘آٹے کی 80 کلو کی بوری 550روپے مہنگی
سونا 1300روپے تولہ،ڈالر 80پیسے مہنگا،ایل این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ
چیئرمین فلور ملز نے چاروں صوبوں سے سینٹرل ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس کل طلب کر لیا
لاہور،کراچی (کامرس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)ایف بی آر نے آٹے پر 17 فیصد جی ایس ٹی نافذ کردیا جس کے بعد آٹے کی 80 کلو کی بوری 550 روپے مہنگی ہو گئی۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کے مطابق قیمت میں اضافے کے بعد آٹے کی بوری 2800 سے بڑھ کر 3350 روپے ہوگئی۔فائن میدے کی بوری پر 700 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اب بوری 3900 سے بڑھ کر 4600 روپے کی ہوگئی۔واضح رہے عوام پہلی بار اب آٹے پر بھی جنرل سیلزٹیکس اداکریں گے۔20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت پر جی ایس ٹی کا نفاذ نہیں کیا گیا۔سیلز ٹیکس کے نفاذ پرپاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا آٹے پرٹیکس سے روٹی ، نان اور بیکری کی مصنوعات عوام کی پہنچ سے باہر ہو جائیں گی۔فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب ) کے چیئرمین حبیب الرحمن لغاری نے کہا 17 فیصد سیلز ٹیکس کابوجھ غریب عوام کو ہی برداشت کرنا پڑے گا۔اس حوالے سے سندھ ، بلوچستان ، کے پی کے اور پنجاب بھر سے سنٹرل ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس کل12 جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں اہم فیصلہ کئے جائیں گے جبکہ بعدازاں سہ پہر 4 بجے اہم پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔ادھر مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت1300 روپے اضافے سے 80300 روپے ،دس گرام سونے کی قیمت 1114روپے اضافے سے 68844روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت10روپے کمی سے 900روپے کی سطح پر رہی۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید75پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید80پیسے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 157.50 سے بڑھ کر158.25 اورقیمت فروخت 157.90 سے بڑھ کر158.65روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید156.70 سے بڑھ کر157.50 اورقیمت فروخت157.70 سے بڑھ کر158.50روپے ہوگئی۔دوسری طرف اوگرانے جولائی کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن کیلئے گیس تین فیصد جبکہ سوئی سدرن کیلئے درآمدی گیس کی قیمت میں 3.8 فیصد اضافہ کیا گیا۔سوئی ناردرن کو اب ایل این جی 11.35 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ملے گی جبکہ سوئی سدرن کو 11.37 ڈالر فی ایم بی ٹی یو گیس بیچی جائے گی۔