وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم کے دورہ امریکاکی تصدیق کر دی

July 11, 2019 11:59 am0 commentsViews: 1

ڈونلڈ ٹرمپ 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں عمران خان کا خیر مقدم کریں گے
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری تصدیقی بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ریاست ہائے متحدہ امریکا کے صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کرینگے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے میں قیام امن، استحکام اور معاشی خوشحالی لانے کے لیے تعاون بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا تھا کہ وزیراعظم کے دورے سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، پاکستان امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، طریقہ کار کے تحت مناسب وقت پر دورے کا اعلان کیا جاتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے دورے میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کا مقصد دو طرفہ تعلقات کا فروغ اور پرامن ساؤتھ ایشیا کا قیام ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر اور وزیراعظم پاکستان، انسداد دہشت گردی، توانائی اور تجارت سے متعلق بھی گفتگو کریں گے۔