تھیڑ کو بہت آگے لے جانا ہوگا، عمر شریف

July 11, 2019 12:32 pm0 commentsViews: 2

1974 می لوگوں کو منتیں کرکے لانا پڑتا تھا، ایک وقت آیا جب شو ہائوس فل ہونے لگے
اسٹیج ڈرامہ کنگ از بیک تھیٹر کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا، فرقان حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی (کلچرل رپورٹر) معروف اداکار عمر شریف نے کہا ہے کہ تھیٹر کراچی کی جان اور پہچان ہونا تھا اس شناخت کو بحال کرنے میں کنگ ازبیک اسٹیج ڈرامہ اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ شو وی آئی پی کلچر کی خامیوں اور معاشرے کے دیگر مسائل کو اجاگر کر رہا ہے جسے لوگ بھول نہیں سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پورٹ گرینڈ کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسٹیج ڈرامہ ڈائریکٹر فرقان حیدر، معروف اداکار زیبا شہناز، شکیل صدیقی، کاشف خان، عرفان ملک، شہزاد رضا، نعیمہ گرج، سلیم آفریدی اور زریں غزل بھی موجود تھیں۔ عمر شریف نے کہاکہ تھیٹر کو بہت آگے لے جانا ہوگا۔ آج اسٹیج جس مقام پر ہے اس کے لیے ہم نے بہت محنت کی ہے۔ 1974ء میں لوگوں کو منتیں کرکے لانا پڑتا تھا پھر ایک وقت آیا جب ہائوس فل ہونے لگے، فرمائشی گانوں کی وجہ سے تھیٹر کا گراف بھی نیچے آگیا تھا۔ عمر شریف نے کہاکہ کنگ ازبیک 12 اور 13 جولائی کو پورٹ گرینڈ میں ہوگا۔ فرقان حیدر میرے کہنے پر امریکا سے تھیٹر زندہ کرنے کے لیے پاکستان آئے ہیں کنگ ازبیک کو دیکھنے والے بھول نہیں سکیں گے، اس اسٹیج شو میں وی آئی پی کلچر کی خامیوں کو اجاگر کیا گیا ہے، شو میں معاشرے کے اہم مسائل بھی سامنے لائے جائیں گے، ڈرامے میں میرا کردار فلم ڈائریکٹر کا ہے اس شو میں حاضرین کی دلچسپی کو مدنظر رکھنے کے ساتھ مثبت پیغامات بھی ہوں گے۔