وزیراعظم کراچی پیکج کا وعدہ پورا کریں مرتضیٰ وہاب

July 11, 2019 12:32 pm0 commentsViews: 5

دورہ کراچی محض دکھاوا تھا یہاں کے حقیقی مسائل سے ان کا کوئی واسطہ نہیں، مشیر اطلاعات سندھ
اہل کراچی نا اہل وفاقی حکومت کو مسترد کرتے ہیں ان کا لالی پاپ اب بساند دے رہا ہے، بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ کراچی محض دکھاوا ہے اور ان کو کراچی کے مسائل سے دلچسپی نہیں ہے اور نہ ہی وہ مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں، اہل کراچی نااہل وفاقی حکومت کو مسترد کرتے ہیں، وزیراعظم کی کراچی آمد کاسمیٹک ہے اور حقیقی مسائل سے عمران خان کا کوئی واسطہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید کہاکہ وزیراعظم کا کراچی کا دورہ تصویر کشی اور لذت کام و دہن ہے، کراچی کے مسائل سے وزیراعظم اور ان کی کابینہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہی نہیں چاہتی ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم صاحب کراچی آمد پر کراچی پیکیج کا وعدہ وفا کریں اہل کراچی آج بھی آپ کے وعدوں کے منتظر ہیں، وفاق کی کراچی کے مسائل سے عدم دلچسپی کے باعث عوام یہ سمجھنے پر مجبور ہیں کہ 162 ارب روپے کا کراچی پیکیج اہل کراچی کے لیے سبز باغ ثابت ہوا، کراچی کا گرین لائن منصوبہ بھی التوا کا شکار ہے اور وزیراعظم کی توجہ کا طلبگار ہے، وزیراعظم کے وعدوں کا لالی پاپ اب بساند دے رہا ہے۔