سابق ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون کے ارولی نے خودکشی کرلی

July 11, 2019 12:32 pm0 commentsViews: 2

متوفی اظہر نے گھر کے اندر خود کو کنپٹی پر گولی مارلی، گھر میں اکیلا ہی رہائش پذیر تھا، پولیس
کراچی (کرائم رپورٹر) نقیب اللہ محسود قتل کیس کے اہم مطلوب پولیس افسر کے ذاتی ملازم کو دوسری شادی راس نہ آئی۔ سابق ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون امان اللہ مروت کے اردلی نے دوسری بیوی سے فون پر بات کرتے ہوئے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں ایک شخص کی گھر سے خون میں لت پت لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔ ایس ایچ او گل بیگ نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 35 سالہ اظہر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ لاش کے قریب سے پستول بھی ملا ہے جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔ متوفی اظہر نے گھر کے اندر خود کو کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کی ہے جو کہ سابق ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون امان اللہ مروت کا اردلی تھا، متوفی کا پولیس سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے بتایا کہ متوفی گھر میں اکیلا ہی رہائش پذیر تھا۔ اس حوالے سے متوفی کے اہلخانہ جو کہ قریب ہی گلیوں میں رہائش پذیر ہیں سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں، مقتول کی لاش کے قریب سے جو اسلحہ برآمد ہوا ہے اس کے بارے میں ابھی یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ اسلحہ لائسنس یافتہ ہے یا غیر قانونی، تحقیقات جاری ہیں۔