سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کی ایوان میں آمد، ڈیسک بجا کر استقبال

July 16, 2019 11:56 am0 commentsViews: 11

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی کو چند ماہ قبل گولی کا نشانہ بنایا گیا تھا، طویل عرصہ زیر علاج رہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چند ماہ قبل گولی کا نشانہ بننے والے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پیر کو ایک طویل عرصے بعد ایوان میں آئے تو پی ٹی آئی کے ارکان نے رمضان گھانچی کا ڈیسک بجا کر استقبال کیا۔ ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری نے بھی ان کی خیریت دریافت کی اور پوچھا کہ اب آپ چل پھر سکتے ہیں۔ رمضان گھانچی نے ڈپٹی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ میرے حلقے میں بھی یہی پانی کا مسئلہ ہے۔ رمضان گھانچی کا کہنا تھا کہ مجھے ایک وائس چیئرمین نے گولی ماری، مجھے انصاف نہیں ملا، میں اسمبلی سے انصاف مانگ رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میرے پاس پکے ثبوت ہیں، کیا یہ ملک میں انسانیت ہے کہ ایک ایم پی اے کو انصاف نہ ملے۔ انہوں نے جذباتی ہوکر کہا کہ اگر ایوان انصاف نہیں دے سکتا تو اسے بند کردیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہاکہ گھانچی صاحب آپ کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، ہم اس پر یہاں بحث نہیں کرسکتے۔