نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم ٗ 40صنعتوں کا پہیہ چلنا شروع ہوجائیگا

July 16, 2019 11:59 am0 commentsViews: 8

قرضہ دینے کیلئے پہلے مرحلے میں 10ہزار گھروں کیلئے قرعہ اندازی کرینگے جس کا نام نہیں نکلے گا انہیں ڈیڑھ سال میں گھر دئیے جائیں گے
گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کا آرڈیننس آج نافذ ہوگا ٗ ملک میں ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے ٗ وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان اسکیم سے 40 صنعتوں کا پہیہ چلنا شروع ہو جائے گا۔ گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کا آرڈیننس آج منگل کو جاری کیا جائے گا، قرعہ اندازی میں جن کا نام نکلے گا ان لوگوں کو ڈیڑھ سال میں گھر دیے جائیں گے۔ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے، گھروں کے لیے نئے آرڈیننس لا رہے ہیں جس کی منگل کو وفاقی کابینہ میں منظوری دی جائے گی۔ آئندہ کچھ عرصے میں ہائوسنگ کی سرکاری اسکیمیں شروع ہو جائیں گی، آج رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام رجسٹریشن کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ یہ بڑا چیلنج ہے کوئی نہ سمجھے کہ آسان کام کرنے جارہے ہیں۔ اس نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کا مقصد فنانس کے ذریعے لوگوں کو گھروں کے وسائل مکمل کرنا ہے، آج لوگوں کی ڈیمانڈ گھر بنانے کی ہے آج اس کا اس بناء پر اعلان کر رہے ہیں کہ لوگ اس اسکیم میں خود کو رجسٹر کریں، یہ ایک ڈیمانڈ ہے کہ زیادہ لوگ اس کی جانب آنا چاہتے ہیں ابھی نئے تعمیراتی کام کرنے کی کوشش جاری ہے، اس اسکیم میں دس ہزار گھروں کی قرعہ اندازی کی جائے گی، ہم اندرون و بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کو دعوت دے رہے ہیں، چالیس صنعتوں کا براہ راست ہائوسنگ اسکیم سے تعلق ہے، پہلے لوگوں کی ڈیمانڈ معلوم کیے بغیر گھر بنا دیے جاتے تھے لیکن اب ہم لوگوں کی ڈیمانڈ معلوم کریں گے، یہ بھی معلوم کریں گے کہ کتنے شہروں میں کتنے گھروں کی ڈیمانڈ ہے اور حکومت ان کی فنانسنگ کرے گی۔ اس ہائوسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے نئے لوگوں اور نوجوانوں کو لانے کی کوشش کر رہے ہیں چاہتے ہیں کہ تعمیرات کا شعبہ بھرپور ترقی کرے اور اس میں زیادہ لوگ آئیں، ہائوسنگ اسکیم ترقی کرتی ہے تو اس سے وابستہ صنعتیں بھی ترقی کرتی ہیں، اگلے کچھ عرصے میں ہائوسنگ کی سرکاری اسکیمیں شروع ہو جائیں گی، اسکیم سے 40 صنعتوں کا پہیہ چلنا شروع ہو جائے گا۔