گلشن معمار ڈاکوئوں کے گروہ کا قربانی کے جانوروں کے فارم پر دھاوا

July 19, 2019 12:25 pm0 commentsViews: 8

سیکورٹی گارڈ سمیت دیگر ملازمین کو تشدد کا نشانہ بناکر یرغمال بنالیا، مزاحمت پر ایک شخص کو سر پر ٹی ٹی کے بٹ مار کر زخمی کردیا
اسلحہ اور موبائل فون چھین لئے، لاکھوں روپے مالیت کے 15 جانور گائے بیل 2 ٹرکوں میں لاد کر فرار، مقدمہ درج کرلیا، پولیس
کراچی (کرائم رپورٹر) گلشن معمار میں ڈاکوئوں نے کیٹل فارم پر دھاوا بول کر عملے کو تشدد کا نشانہ بنا کر یرغمال بنا لیا، ڈاکوئوں کا گروہ لاکھوں روپے مالیت کے 15 قربانی کے جانور (گائے و بیل) دو ٹرکوں میں لاد کر فرار ہو گئے، ڈاکوئوں نے مزاحمت پر ایک شخص کو سر پر ٹی ٹی کے بٹ مار کر زخمی کر دیا جبکہ سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ اور دیگر سے موبائل فون بھی چھین لیے۔ تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے میں واقع کیٹل فارم میں ایک درجن سے زائد ڈاکوئوں نے دھاوا بول کر سیکورٹی گارڈ سمیت دیگر ملازمین کو یرغمال بنا لیا، اس دوران ڈاکوئوں نے عملے کو تشدد کا نشانہ بنا کر رسیوں سے باندھ دیا اور کیٹل فارم میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے 15 قربانی کے جانور جن میں گائے اور بیل شامل تھے اپنے ہمراہ لائے ہوئے 2 ٹرکوں میں بھر کر موقع سے فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ اور دیگر ملازمین سے موبائل فونز بھی چھین لیے جبکہ ایک ملازم کو مزاحمت کے دوران سر پر ٹی ٹی کا بٹ مار کر لہولہان کر دیا، کیٹل فارم کے مالک کی جانب سے گلشن معمار تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا گیا ۔