حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں، جلد سرخرو ہوں گے نوازشریف

July 19, 2019 12:25 pm0 commentsViews: 13

کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف اور خاندان کے دیگر 4 افراد کے ساتھ ملاقات میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہل خانہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہاکہ مشکل وقت میں ہمارے حوصلے پست نہیں ہیں ہم حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں جلد سرخرو ہوں گے۔ محکمہ داخلہ کے احکامات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے خاندان کے 5 افراد بھائی شہباز شریف، بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور دیگر اہل خانہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کیسز اور برطانوی اخبار کی خبر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف کو آگاہ کیا کہ برطانیہ کی جانب سے بغیر کسی تاخیر کے اس کی تردید کی گئی۔ شہباز شریف نے نواز شریف کو آگاہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں قانونی چارہ جوئی بھی کر رہے ہیں ان کے وکلا کی ٹیم لندن پہنچ چکی ہے۔