سندھ حکومت نے نرسز کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے ٗ مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری ٗ احتجاج اور بائیکاٹ ختم

July 20, 2019 12:43 pm0 commentsViews: 14

صوبائی حکومت وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتی ہے ٗ پہلے روز سے نرسوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں ٗ نرسز کے تمام جائز مطالبات منظور کرلئے ہیں ٗ مرتضی وہاب کی پریس کلب پر نرسوں سے ملاقات
تحریک انصاف کا نام تحریک انتشار ہونا چاہیے ٗ پی ٹی آئی رہنما عوام کو ورغلانا چھوڑ دیں ٗ نرسز کا تنخواہوں پر اضافہ کا مطالبہ مہنگائی کی وجہ سے ہے ٗ نوٹیفکیشن سندھ نرسز الائنس کے رہنمائوں کے سپرد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت سندھ بھر کی نرسز کا مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج رنگ لے آیا، سندھ حکومت نے نرسز کے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نرسز نے نوٹیفکیشن کے اجرا پر احتجاج اور اسپتالوں میں تمام شعبہ جات کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب، سیکرٹری صحت سعید احمد اعوان کے ہمراہ کراچی پریس کلب پہنچے اور نرسوں سے ملاقات کی اور سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن سندھ نرسز الائنس کے رہنمائوں کے سپرد کیا، مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتی ہے پہلے روز سے نرسوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، نرسز کے تمام جائز مطالبات حکومت سندھ نے منظور کر لیے ہیں۔ نرسز کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایک وعدہ آپ سب سے چاہیے کہ مل کر مریضوں کی خدمت کریں گے اور سرکاری اسپتالوں کی حالت بہتر بنائیں گے، تحریک انصاف کا نام تحریک انتشار ہونا چاہیے پی ٹی آئی رہنما عوام کو ورغلانا چھوڑ دیں، نرسز کا تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ مہنگائی کی وجہ سے ہے۔ سندھ نرسز الائنس کے رہنما اعجاز کلیری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے وعدہ پورا کر دیا ہمارے مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، وظیفوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کی سمری بھی جلد منظور ہو جائے گی، ہماری 30 سال سے پروموشن اور اپ گریڈیشن نہیں ہو رہی تھی، نوٹیفکیشن جاری ہونے پر احتجاج ختم کرتے ہیں کل سے اپنے ڈیوٹی فرائض بھرپور طریقے سے انجام دیں گے، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نرسز نے سندھ حکومت کے حق میں نعرے بازی کی اور مٹھائی تقسیم کی۔