ضلع ملیر میں واٹر بورڈ اور ٹینکر مافیا کیخلاف احتجاج

July 20, 2019 12:43 pm0 commentsViews: 51

کراچی کے عوام کیلئے پانی منظم سازش کے تحت فروخت کیا جارہا ہے، ن لیگی رہنما فیروز خان کا مظاہرین سے خطاب
کراچی (پ ر) مسلم لیگ (ن) ضلع ملیر کی جانب سے پانی کی بندش کے خلاف منزل پمپ نیشنل ہائی وے پر احتجاجی مظاہرے سے ضلع ملیر کے صدر فیروز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے جہاں مہنگائی نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے وہاں واٹر بورڈ نے کراچی کے عوام کا پانی ٹینکر مافیا کو دے کر پوری پوری آبادیوں کو پیاسا مارا جارہا ہے اور آبادیوں کے مکین بچے، بوڑھے اور خواتین سارا سارا دن پانی کی تلاش میں بھٹکتے رہتے ہیں جو بڑا المیہ ہے۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ پانی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور عوام کی پریشانی کو دور کرے، پانی نہ ہونے سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ اس موقع پر ملک شیر احمد اعوان، سید فیصل بخاری، فیاض پٹھان ایڈوکیٹ، سہیل خان، مولانا کریم اللہ، ملک حاکم، غفار جٹ، نیاز خان، گل محمد مروت، کونسلر برکت علی، قادر بخش بلوچ، احمد زیب نے مشترکہ خطاب میں کہاکہ ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقوں مظفر آباد، شیرپائو، مجید کالونی، سیکٹر 1، سیکٹر 2، گل احمد سمیت مختلف علاقوں کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے واٹر بورڈ انتظامیہ کے خلاف ٹینکر مافیا مردہ باد، پانی کی مصنوعی قلت ختم کرو، شرم کرو حیا کرو، غریبوں کو پانی دو کے نعرے لگائے۔