ڈیلی میل میں خبر لگوانے والوں کے خلاف دوبارہ قانونی چارہ جوئی کا اعلان

July 20, 2019 1:43 pm0 commentsViews: 11

لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کے دوران شہبازشریف نے ڈیلی میل کی خبر پر خود دلائل دیئے۔ انھوں نے کہا کہ زلزلہ زدگان کے فنڈز کھانے والوں کے خلاف خود کارروائی کی،نیب 8 سال کہاں سویا رہا، کیس عدالت لاتے، خبر چھپوا کر ملک کی بدنامی کیوں کرائی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کو اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی رمضان شوگر ملز کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی ہوئی۔ انھوں نے جج کے سامنے دلائل دیے کہ انہیں گرفتار آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں کیا گیا لیکن ڈیلی میل کی خبر میں کوئی اور الزام لگا دیا گیا حالانکہ انہوں نے خیانت کرنے والےکے خلاف خود ایکشن لیا۔

مزید تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے بتایا کہ انھوں نے کرپشن کرنے والوں کو گرفتار کرکے جائیدادیں قرق کیں، نیب تب کہاں سویا رہا۔ شہبازشریف نے ایک بار پھر خبر چھپوانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان بھی کیا۔

اسی کیس میں حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر ان کے وکیل نے اعتراض کیا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ حمزہ اس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، انہیں پیش کرنے کی ہدایت نہیں تھی۔ جج نے حکم دیا کہ حمزہ کو رمضان شوگر ملز کیس میں بھی پیش کیا جائےگا۔ کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی گئی ہے۔