ملزم عاطف زمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع

July 20, 2019 3:20 pm0 commentsViews: 9

کراچی: نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور ان کے دوست خضر حیات کے قتل میں ملوث ملزم عاطف زمان کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مرید عباس سمیت دوہرے قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں تفتیشی افسر انسپیکٹر عتیق الرحمان، ملزم کے وکیل اور ماموں پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے تاخیر سے پیش ہونے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو صبح 9 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، تاخیر سے آنے پر عدالت آپ کو شوکاز نوٹس جاری کرے گی۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ صبح 4 بجے تھانے سےگیا ہوں، شوکاز کا جواب بھی دے دوں گا۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے بتایا کہ اسپتال گیا تھا مگر عاطف زمان سے ملاقات نہ ہو سکی، عدالت ہدایت جاری کرے کہ پولیس سرجن کو لے کر ملزم عاطف کے پاس جا سکوں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رہے ہیں۔ اس موقع پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ پیر تک کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، ملزم کی صحت سے متعلق بھی آگاہ کردوں گا۔

عدالت نے کہا کہ نجی اسپتال والوں نے بتایا ہے کہ ملزم کی حالت ٹھیک ہے جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو نجی اسپتال سے جناح اسپتال منتقل کرنے میں کچھ ہو گیا تو کون ذمہ دار ہو گا؟

اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ امن ایمبولینس میں لے جائیں کچھ نہیں ہو گا اور اگر مدعی اس بات پر بضد ہے تو پھر جا کر نجی اسپتال کا بل ادا کریں۔ سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے بتایا کہ ملزم کا ماموں آ گیا ہے، وہ اسپتال کا بل ادا کرے گا، ان کے مؤکل کا مناسب علاج ہونا چاہیے۔

عدالت نے ملزم کے ماموں سے استفسار کیا کہ کیا آپ اسپتال کا بل ادا کریں گے؟ جس پر ملزم کے ماموں نے اسپتال کا بل ادا کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ عدالت نے پولیس سرجن سے ملزم کی صحت کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے عاطف زمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کر دی۔