ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ’کرکٹ بیٹ‘ کا تحفہ پیش کیا

July 23, 2019 2:57 pm0 commentsViews: 20

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو وائٹ ہاوس آمد پر ’کرکٹ بیٹ‘ کا تحفہ دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں ٹرمپ نے وزیراعظم کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں دونوں شخصیات کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا اور امریکی صدر نے وزیراعظم عمران خان کے کرکٹ کے ماضی کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں ’بلا‘ تحفے میں دیا جو کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کا انتخابی نشان بھی تھا۔

ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے بلے پر سابق امریکی صدر آئزن ہاور کی تصویر بنی ہوئی ہے، آئزن ہاور وہ واحد امریکی صدر ہیں جنہوں نے پاکستان میں ایک ٹیسٹ میچ دیکھا تھا۔

ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے بارے میں کہا کہ یہ ’زبردست کھلاڑی‘ اور ’پاکستان کے مقبول ترین وزیراعظم‘ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو تحفے میں کیا دیا اس کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے البتہ میڈیا پر قیاس آرائیاں ہیں کہ عمران خان نے ٹرمپ کو ایک روایتی ملتانی گلدستہ پیش کیا جس پر ٹرمپ کی تصویر پینٹ ہے۔