پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کا انعقاد کھٹائی میں پڑگیا

August 3, 2019 12:31 pm0 commentsViews: 14

غیر ملکی کھلاڑیوں کی پی ایس ایل 5 کھیلنے سے معذرت
اتنے لمبے عرصے تک پاکستان میں رہنا ان کے لئے ممکن نہیں‘غیر ملکی کھلاڑیوں کا مؤقف
فرنچائز سے مشاورت کے بعد ہی پی ایس ایل ملک میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا‘ احسان مانی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) حبیب بینک لمیٹڈ کے زیر اہتمام ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کا انعقاد کھٹائی میں پڑگیا ہے کیوں کہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل 5 کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اتنے لمبے عرصے تک پاکستان میں رہنا ان کے لئے ممکن نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض پی ایس ایل فرنچائزز نے اگلے ایونٹ کے تمام میچزپاکستان میں ہی کرانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے،کئی غیرملکی کرکٹرز زیادہ دنوں کے لیے یہاں آنے سے انکار کر چکے ہیں، اسی لیے لیگ کے آدھے میچز یو اے ای منتقل کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔اس حوالے سے سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں نے تمام فرنچائزز سے بات کرنے کے بعد ہی وزیر اعظم عمران خان سے پوری لیگ پاکستان میں کرانے کی اجازت لی تھی،اب تک کسی نے مجھ سے اپنے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، پیرکولاہور میں ہماری ایک میٹنگ ہو رہی ہے وہاں اس حوالے سے بھی بات کریں گے، ابھی ہمارا میچز کی منتقلی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔