کار سروس اسٹیشنز پر قربانی کے جانور صاف ہونے لگے

August 7, 2019 12:50 pm0 commentsViews: 47

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بیل، گائے، بکرے اور دنبے کو پریشر والے پانی سے صاف کرانے کیلئے بینرز آویزاں
گائے کی سروس 100 روپے کا بینر لگنے پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد اپنے جانور لے کر پہنچ گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کے لیے لائے گئے قربانی کے جانوروں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے علاقائی سطح پر کار سروس اسٹیشنز پر گائے سروس کے بینر بھی آویزاں کر دیے گئے۔ لیاقت آباد کے علاقے میں قائم کار سروس سینٹر پر گائے سروس 100 روپے کا بینر لگا دیا گیا جہاں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد قربانی کے لیے لائے گئے بیل، گائے، بکرے اور دنبے پریشر والے پانی سے صاف کرا رہے ہیں۔ اس حوالے سے موقع پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ حالیہ بارشوں کے بعد مویشی منڈی کی ابتر صورتحال کے باعث فروخت کے لیے لائے گئے قربانی کے جانور کیچڑ میں بیٹھنے اور کھڑے رہنے کی وجہ سے گندے دکھائی دے رہے تھے اور انہیں صاف ستھرا رکھنے کے لیے انہوں نے گائے سروس اسٹیشن کا رُخ کیا ہے اور علاقے میں آنے والے قربانی کے جانوروں کو یہاں لاکر صاف ستھرا کیا جارہا ہے تاکہ ان کا جانور کیچڑ سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔