’’کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا 27 فروری سے زیادہ سخت جواب دیاجائیگا‘‘

August 9, 2019 1:22 pm0 commentsViews: 5

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا 27 فروری سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجی جنرل نے الزام لگایا ہے کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول سے دراندازی کروا رہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی جنرل کا بیان ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا پلندہ ہے اور بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے جنگ کے بہانے تراش رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہندوستان ایسے جھوٹ سے لائن آف کنٹرول پر کارروائی کا بہانہ تراش رہا ہے، لیکن اگر بھارتی فوج نے ایسی کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان اسے 27 فروری سے بھی زیادہ سخت جواب دے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انڈیا مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال اور مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر مکمل پابندی ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں ایسا نہیں ہے، عالمی میڈیا اور اقوام متحدہ کے مبصرین حقائق دیکھنے کے لیے آزاد کشمیر کا دورہ کر سکتے ہیں، لیکن کیا بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں میڈیا اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو دورے کی اجازت دے سکتی ہے؟۔

میجر جنرل آصف غفور کا مزید کہنا تھا کہ ہزاروں انڈین فوجی کئی دہائی سے جاری بہادر کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبا نہیں سکے اور اب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مزید نفری کی تعیناتی بھی ناکام ہوگی۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور35 اے کو ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ بھارتی فوج نےکشمیریوں کے احتجاج کو کچلنے اور ان کی آواز دبانے کے لیے مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے اوراب تک سیکڑوں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیاجاچکاہے۔