جعلی اکاؤنٹس کیس : زرداری کے ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

August 16, 2019 12:50 pm0 commentsViews: 6

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کر دی۔ نجی ٹی وی کی ر]ورٹ کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی، اس موقع پر نیب ٹیم نے آصف علی زرداری کو عدالت میں پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کیس میں ایک نئی پیش رفت ہوئی ہے، ایک ملزم نے بیان دیا ہے کہ اس کو آصف زرداری سے کنفرنٹ کرانا ہے، لہٰذا آصف زرداری کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

کیس کی سماعت کے موقع پر جب سابق صدر روسٹرم پر آئے تو انہوں نے کہا کہ عید کی نماز بھی نہیں پڑھنے دیتے یہ کون سی اسلامی ریاست ہے؟ جبکہ عدالت کی اجازت کے باوجود مجھے میری بیٹی سے ملنے نہیں دیا جاتا۔ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ نے جیل میں بہتر طبی سہولتوں کے علاوہ اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت کے لیے درخواست بھی دائر کر دی۔

اس موقع پر احتساب عدالت نے آصف زرداری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے انہیں 19 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں کیس کی سماعت کے موقع پر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو بھی موجود تھیں۔