پلاسٹک بیگ پر پابندی، مہم ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت

August 17, 2019 2:44 pm0 commentsViews: 8

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت دے دی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بریفنگ دی۔

تفصیلات کےمطابق امین اسلم نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر منصوبہ بندی کا عمل مکمل کر لیا گیا، ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے سلسلے میں پی سی ون تشکیل دیے جا چکے ہیں، منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریبا سوا 3 ارب پودے لگائے جائیں گے جس کا 2سال بعد جائزہ لیا جائے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ پر پابندی کے آغاز میں ہی نہایت حوصلہ افزا نتائج موصول ہوئے، الیکٹرک وہیکلز کے ضمن میں پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جو جلد کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس منصوبے کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، منصوبے سے ہریالی، صفائی کے معیار پر شہروں اور مضافاتی علاقہ جات کی درجہ بندی کی جائے گی، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12،کے پی کے 7 شہروں میں منصوبے کو شروع کیا جائے گا جب کہ کل شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے دوران تین کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ماحولیات کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزاء ہے، اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے طلباء کی بھرپور شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے۔