کراچی میں صفائی کی ناقص صورتحال ٗ کانگو وائرس میں مبتلا 3مریض اسپتال میں داخل

August 19, 2019 12:42 pm0 commentsViews: 4

نیوکراچی لاسی گوٹھ سے محمد حمزہ اور خمیسو گوٹھ سے نواب علی کو سول اور سہراب گوٹھ سے قمر شاہ کو ضیاء الدین اسپتال پہنچادیا گیا
کانگو وائرس میں مبتلا مریضوں کو جب اسپتال لایا گیا تو ان کے جسم کے مختلف اعضاء سے خون کا بہائو جاری تھا ٗ سول اسپتال میڈیکل سپرنٹنڈنٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں صفائی کی ناقص صورتحال کے سبب کانگو وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوگیا، ایک دن میں کانگو وائرس کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے، رواں برس اب تک کانگو سے 10 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث کانگو وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے بلدیاتی و حکومتی اداروں کی عدم توجہی کے سبب عید قرباں پر ذبح کیے گئے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات ملیر، نیوکراچی، سہراب گوٹھ، کورنگی، اورنگی، سولجر بازار سمیت مختلف علاقوں میں اب بھی سڑکوں پر موجود ہیں جس کے باعث مختلف بیماریوں سمیت کانگو وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اتوار کے روز کانگو وائرس کے 3 کیس رپورٹ ہوئے جنہیں سول اور ضیاالدین اسپتال لے جایا گیا۔ نیو کراچی لاسی گوٹھ سے 46 سالہ محمد حمزہ ولد طیب اور نیو کراچی خمیسو گوٹھ کے رہائشی 40 سالہ نواب علی ولد منگو گبول کو سول اسپتال لایا گیا، سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خادم حسین کے مطابق کانگو وائرس میں مبتلا مریضوں کو جب اسپتال لایا گیا ان کے جسم کے مختلف اعضا سے خون کا بہائو جاری تھا جنہیں آئسولیشن وارڈ میں داخل کر لیا گیا ہے۔ سہراب گوٹھ کا رہائشی 17 سالہ قمر شاہ ولد برکت کو ضیاالدین اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں علاج کیا جارہا ہے، پاکستان میں اب تک کانگو وائرس کے علاج کے لیے کوئی دوائی یا ویکسین دریافت نہیں ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس کراچی میں اب تک کانگو وائرس سے متاثرہ 21 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 10 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔