گھریلو ملازمہ کا قتل، خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش

August 24, 2019 11:39 am0 commentsViews: 1

فیروز آباد میں 13 سالہ فضیہ کی لاش چھت سے لٹکی ہوئی ملی تھی، عدالتی حکم پر مقدمہ میں قتل کی دفعہ شامل
متوفیہ کے والد غلام یاسین کی درخواست پر 3 ملزمان کاشف، ذیشان اور عثمان کیخلاف تحقیقات شروع
کراچی( کرائم رپورٹر) فیروز آباد پولیس نے عدالتی حکم پر گھریلو ملازمہ کی خودکشی کے واقعے کا قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔9 اگست کو فیروز آباد کے علاقے میں بنگلے سے تیرہ سالہ فضیہ کی لاش ملی تھی جو کہ چھت سے لٹکی ہوئی تھی۔ مرنے والی لڑکی فضیہ کے والد غلام یاسین نے الزام عائد کیا ہے کہ بنگلے کے مالک نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ان کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے بعد انہوں نے قتل کرکے واقعے کو خودکشی کا رنگ دے دیا ۔واقعہ 9 اگست کو پیش آیا تھا لیکن پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے کے باعث عدالت سے رجوع کیا گیا جس کے بعد عدالتی حکم پر فیروز آباد پولیس نے جمعہ کو مقدمہ تین ملزمان کاشف‘ ذیشان اور عثمان کیخلاف درج کرلیا۔ ایس ایچ او فیروز آباد اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی تھی جس میں تینوں نامزد ملزمان کے موبائل فون کی لوکیشن اور دیگر ضروری سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی گئیں۔ نامزد افراد کا گاڑیوں کا شوروم ہے۔ موبائل فون لوکیشن کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ وقوعہ کے روز تینوں افراد بنگلے پر موجود نہیں تھے تاہم چونکہ عدالت کا حکم ہے لہٰذا مدعی کے بیان کے عین مطابق ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مرنے والی لڑکی کا موبائل فون پولیس نے حاصل کرلیا ہے جس میں کئی اہم معلومات ملی ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔