بھارت دہشت گردی کا جھوٹا ناٹک رچانا چاہتا ہے، شاہ محمود قریشی

August 24, 2019 11:47 am0 commentsViews: 3

بھارتی میڈیا 100 کے لگ بھگ دہشت گرد داخل ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے
حقائق چھپانے کیلئے ڈراما رچایا جائے گا تاکہ بھارت ہم پر انگلیاں اٹھا سکے‘وزیر خارجہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا جھوٹا ناٹک رچانا چاہتا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا 100 کے لگ بھگ دہشت گرد داخل ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آج مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کو طاقت سے روکنے کی کوشش کرے گا، احتجاج کے دوران خون خرابے کا خدشہ ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کے پاکستان پر الزامات ہمارے خدشات کی تائید کر رہے ہیں، مجھے خدشہ ہے کہ جمعے کے بعد کوئی واقعہ رونما ہو سکتا ہے، اگر کوئی واقعہ رونما ہوا تو وہ حقائق چھپانے کے لیے ایک ڈراما ہو گا، ڈراما اس لیے رچایا جائے گا تاکہ بھارت ہم پر انگلیاں اٹھا سکے۔ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں عوام کو اشیائے خورونوش اور دواؤں تک رسائی نہیں، دنیا کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا، دنیا اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتی۔