سری لنکن ٹیم کی آئندہ ماہ پاکستان آمد

August 24, 2019 11:50 am0 commentsViews: 5

دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے پر اتفاق کرلیا
کراچی میں 3 ون ڈے میچز جبکہ لاہور میں 3 ٹی 20 کی سیریز بھی کھیلی جائے گی
لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلنے پر اتفاق کر لیا ہے اور رواں سال پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سری لنکا کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اکتوبر میں کھلی جانی تھی جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے جس کے بعد 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دسمبر میں منعقد ہونی تھی، تاہم پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اب اس شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ٹیسٹ میچ دسمبر میں منعقد ہوں گے۔ پاکستان کے لیے خوش آئند امر یہ ہے کہ یہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ نئے شیڈول کے مطابق کراچی تین ون ڈے میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر، دوسرا 29 ستمبر، تیسرا اور آخری ون ڈے 2 اکتوبر کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بالترتیب 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔