مصطفی کمال سے کسی قسم کا گٹھ جوڑ نہیں ہے مرتضیٰ وہاب

August 24, 2019 11:55 am0 commentsViews: 5

سابق سٹی ناظم اور وسیم اختر کا تنازع آپس کا معاملہ ہے، مشیر وزیر اعلیٰ سندھ
سندھ حکومت نے مائی کولاچی روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، میڈیا نمائندوں سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر ماحولیات و قانون اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مائی کولاچی روڈ پر شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ حکومت نے مائی کولاچی روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر پودے لگانے کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مصطفی کمال سے کسی قسم کا گٹھ جوڑ نہیں ہے، سابق سٹی ناظم اور وسیم اختر کے درمیان تنازع آپس کا معاملہ ہے، پیپلز پارٹی اس طرح کے ہتھکنڈوں پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بہت کم دیکھا گیا ہے کہ شہریوں نے حکومتی اقدامات کا اس طرح بھرپور طریقے سے ساتھ دیا ہو۔ انہوں نے کراچی کی بوہری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بوہری کمیونٹی نے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیا، صوبائی مشیر نے کہاکہ یکم اکتوبر سے سندھ بھر میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ہم سب کا شہر ہے اس کو صاف ستھرا بنانے میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ہمیں مل جل کر کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا سابق میئر مصطفی کمال سے کسی قسم کا گٹھ جوڑ نہیں ہے مصطفی کمال اور وسیم اختر کا تنازع آپس کا معاملہ ہے، پیپلز پارٹی اس طرح کے ہتھکنڈوں پر یقین نہیں رکھتی۔