مچھروں، مکھیوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی

August 24, 2019 11:56 am0 commentsViews: 7

بارش کے بعد گندگی و غلاظت کے باعث حشرات الارض کی افزائش میں اضافہ ہوگیا ہے
جراثیم کش اسپرے نہ ہونے کے باعث شہر میں موذی امراض پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بارشوں کے بعد حشرات الارض میں بے پناہ اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے موذی امراض پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ گلیوں، محلوں، گھروں اور ریسٹورنٹ ہوٹلز میں مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا، شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ایک ضلع میں صرف پانچ گاڑیاں جراثیم کش اسپرے میں مصروف ہیں شہر میں ہنگامی بنیادوں پر اسپرے کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں گندگی و غلاظت کی وجہ سے شہر میں مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔ بارشوں کے بعد گندگی و غلاظت کو پڑے 10 دن سے زائد ہو گئے، صفائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مچھروں اور مکھیوں میں اس قدر اضافہ ہوگیا ہے کہ گھروں، محلوں، دکانوں، ہوٹلز غرض تمام ہی جگہوں پر خاص طور پر مکھیوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے جس کی وجہ سے موذی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔