شارجہ میں ’’نائنٹی بیش‘‘ کے نام سے کرکٹ کا نیا ایونٹ

August 30, 2019 12:11 pm0 commentsViews: 12

90 بولز کے کھیل پر مبنی یہ فارمیٹ T-20 سے مختصر، تیز اور جارحانہ ہوگا
کرکٹر جدید ترین کرکٹ ٹیکنیک سے بھی ہم آہنگ ہوں گے، ایونٹ آئندہ سال منعقد کیا جائے گا
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ کے حوالے سے اہم نام شارجہ میں کرکٹ کی تاریخ کا ایک نیا ایونٹ منعقد ہونے والا ہے جس کا نام نائنٹی بیش رکھا گیا ہے، یہ ایونٹ 2020ء میں منعقد ہوگا۔ نائنٹی بیش نامی اس ایونٹ کے لیے اماراتی کرکٹ بورڈ نے منظوری دے دی ہے۔ 90 بالز کے کھیل پر مبنی یہ فارمیٹ ٹی ٹونئٹی سے مختصر ہے یعنی اس میں کھیل مزید جارحانہ اور تیز ترین ہوگا اور یقینا اس میں وہی کھلاڑی چاہے وہ بلے باز ہو یا بولر اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگا جو ایونٹ کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرکے بہترین کھیل پیش کرسکے۔ اس ایونٹ میں جہاں بلے بازوں کو ہارڈ ہٹنگ کرنا ہوگی بیٹنگ کی جدید ترین تکنیک کا استعمال کرنا ہوگا، وہیں بولرز کو بھی ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالکل درست اور بروقت بولنگ کرانا ہوگی۔ 90 بالز کے اس گیم میں غلطی کی گنجائش بالکل نہ ہونے کے برابر ہے کہ ایک غلطی میچ کا نتیجہ تبدیل کرسکے گی۔ اس سے کھلاڑیوں میں ایک جانب تو ٹیم ورک کا جذبہ بڑھے گا تو دوسری جانب وہ خود کو جدید ترین کرکٹ تکنیک سے بھی ہم آہنگ کریں گے تاکہ معیاری کھیل پیش کیا جاسکے۔