مصباح چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ، وقار بولنگ کوچ مقرر

September 5, 2019 12:28 pm0 commentsViews: 5

دونوں کی تقرری 3 سال کیلئے کی گئی ہے‘ کرکٹ ٹیم کے اہم عہدوں کیلئے پی سی بی کا اعلان
قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر ہونا بہت فخر کی بات ہے‘کوچنگ اہم ذمہ داری قرار‘مصباح الحق
لاہور (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کو قومی کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ سابق کپتان وقار یونس ٹیم کے بولنگ کوچ ہونگے۔ دونوں کی تقرری 3 سال کے لیے کی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم عہدوں کے لیے پی سی بی کی جانب سے آج اعلان کیا گیا۔ اس حوالے سے پی سی بی نے اعلامیہ جاری کیا۔ سابق کپتان مصباح الحق پاکستان کرکٹ کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے فیورٹ تھے۔مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر ہونا بہت فخر کی بات ہے۔انھوں نے قومی ٹیم کی کوچنگ کو اہم ذمہ داری قرار دیا۔مصباح الحق نے 75 ٹیسٹ، 162 ون ڈے اور 39 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ہیڈ کوچ کی دوڑ میں سابق کوچ محسن حسن خان اورسابق آسٹریلوی کرکٹرڈین جونز بھی شامل تھے۔سابق کپتان وقاریونس دو مرتبہ ہیڈ کوچ اور دو مرتبہ بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔انھیں تیسری بار بالنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر مصباح الحق کا نام پیش کیا۔مصباح الحق اور وقار یونس کی نئی ذمہ داریوں میں پہلا اسائمنٹ سری لنکا کے ساتھ 27 ستمبر سے شروع ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز ہے۔ پاکستان کو نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی ہے۔