انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا‘جاوید میاں داد

September 6, 2019 11:45 am0 commentsViews: 6

میں نہ کوئی وزیر ہوں نہ ہی سیاست دان پھر بھی میری کہی بات بڑی ہو جاتی ہے،سابق کپتان
کراچی(اسپورٹس ڈیسک)سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، اس لیے اس نے میرا ٹویٹر بند کرا دیا ہے۔میں نہ کوئی وزیر ہوں نہ ہی سیاست دان پھر بھی میری کہی بات بڑی ہو جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق جاوید میاں داد جامعہ کراچی کے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ مزید کہا کہ مجھ پر جب بھی کوئی مصیبت آئی میں نے نماز سے مدد لی، مصلا بچھایا، نماز کبھی نہیں چھوڑی، بزرگوں کے درباروں پر گیا، یہ سب چیزیں میری زندگی کا حصہ رہی ہیں۔انھوں نے انڈیا میں سب کو بہت محبت دی لیکن وہ اب مجھ سے گھبرا رہا ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں نہ کوئی وزیر ہوں نہ ہی سیاست دان پھر بھی میری کہی بات بڑی ہو جاتی ہے، میں جو بات کرتا ہوں دل سے کرتا ہوں۔دریں اثنا، جاوید میاں داد نے سیمینار میں بھارتی مظالم کے خلاف طلبہ کے ساتھ پلے کارڈ تھاما، جس پر لکھا تھا کشمیریوں کو سکون سے رہنے دو، مظالم بند کرو۔نامور سابق کرکٹر نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس دو چیزیں تھیں جن کی وجہ سے میں نے زندگی میں مقام بنایا، کرکٹ اور انسانیت، میں نے انھی چیزوں کو لے کر چلا۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ چھوڑے ہوئے 20 سال ہو گئے لیکن ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کرکٹ آج چھوڑی ہو۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاوید میاں داد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ایل او سی کے دورے کا بھی اعلان کیا تھا۔