بھارت نے جارحیت کی تو فوج موثر جواب دینے کیلئے تیارہے ‘ وزیراعظم

September 7, 2019 12:21 pm0 commentsViews: 3

مسلح افواج کی تیاریوں بھارتی اشتعال انگیزیوں کے بھرپور جواب اور بلند حوصلوں کی تعریف‘،کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ
عمران خان کی فوجی جوانوں، افسروں سے ملاقات ،بھارتی فائرنگ سے زخمی شہریوں سے بھی ملے، لواحقین سے ملاقاتیں‘آئی ایس پی آر
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے جوانوں اور افسروں سے یکجہتی کیلئے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لائن آف کنٹرول پہنچے جہاں انہوں نے شہدا کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کنٹرول لائن پہنچے جہاں انہوں نے قوم کیلئے جانیں قربان کرنیوالوں کے لواحقین سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر موجود جوانوں کے جذبوں کو بھی سراہا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے ساتھ ساتھ چیئرمین کشمیر کمیٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج بھارتی جارحیت کی کسی بھی کوشش کا موثر جواب دینے کی نہ صرف صلاحیت رکھتی ہیں بلکہ پوری طرح تیار بھی ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبہ پر پرعزم انداز میں کھڑا ہے۔ بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنانا اور ان کا محاصرہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزری ہے۔وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں متاثر ہونے والے افراد سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں سے بھی بات کی اور ان کے عزم کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے مسلح افواج کی تیاریوں، جذبے اور بھارتی جارحیت پر فوری موثر جواب دینے کو سراہا۔ وزیراعظم کو کنٹرول لائن پر صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج بھارت کی کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے بھرپور انداز میں تیار ہیں۔ فسطائی بھارتی حکومت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں۔