پاک بحریہ نے یوم دفاع کی تقریبات جوش و خروش سے منائیں

September 7, 2019 12:41 pm0 commentsViews: 5

پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی مکمل حمایت اور جدوجہد جاری رکھے گا، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی
کراچی اوڑ مارہ، گوادر اور دیگر ساحلی علاقوں میں کشتیوں کی ریس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا
کراچی(کرائم رپورٹر)اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاک بحریہ نے 54 ویں یوم دفاع پاکستان کی تقریبات جوش وخروش سے منائیں۔یہ دن ہماری مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں، شہداء ، غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منایا گیا جنہوں نے 1965کی پاک بھارت جنگ میں عددی اعتبار سے بڑے اور جارح دشمن کے سامنے بے مثال بہادری اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بے حد قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوںکو خراج تحسین پیش کیا جبکہ قوم اپنے سپاہیوں ، سیلرز اور ائیر مین کے پیچھے کھڑی ہوگئی۔اس روز ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنے بلند حوصلے اور عزم سے تینوں محاذوںپر دشمن کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا۔ کشمیری برادران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمرل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت نے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی مکمل حمایت اورجدوجہد جاری رکھے گا۔آج صبح کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں خصوصی عبادات سے ہواجس میں ملکی سا لمیت اور خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں اور بالخصوص کشمیریوں کی جدوجہدمیں کامیابی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ 1965 کی جنگ کے شہداء￿ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی۔ ملک بھر میں شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔دن کی دیگر سرگرمیوں میں پاک بحریہ کے متعدد یونٹس ، اسٹیبلشمنٹس اور پاک بحریہ کے زیر انتظام اسکولز ،کالجز میں متعدد رنگا رنگ کھیلوں کی سرگرمیوں ، تقاریر،کوئز اور ملی نغموں کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے۔ مزید برآں کراچی ، اورماڑہ، گوادر اور دیگر ساحلی علاقوں میں یوم دفاع کے حوالے سے کشتیوں کی ریس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔