گگلی کے جادوگر عبدالقادر لاہور میں انتقال کرگئے

September 7, 2019 12:55 pm0 commentsViews: 6

معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، بیٹا سلمان قادر
عمر اکمل کے سسر تھے، سوگواروں میں 6 بچے اور بیوی شامل ہیں، سیاسی رہنمائوں کی تعزیت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) اسپن بولنگ کے جادوگر معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر لاہور میں انتقال کرگئے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر کے داماد کرکٹر عمر اکمل کے بھائی کرکٹر کامران اکمل نے ان کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا، عبدالقادر کی عمر 63 برس تھی وہ 15 ستمبر 1955ء کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے پہلا ٹیسٹ 1977ء میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جبکہ ون ڈے کرکٹ میں پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 1983ء میں کھیلا۔ ان کو دنیائے کرکٹ میں جادوگر کے نام سے پکارا جاتا تھا ان کے سوگواروں میں 6 بچے اور بیوی شامل ہیں جبکہ وہ معروف کرکٹر عمر اکمل کے سسر تھے۔ عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سابق کرکٹر لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کو دل کا دورہ پڑنے پر لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچوں میں نمائندگی کی، سابق لیگ اسپنر کو اپنے دور میں خطرناک بولر تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے عمران خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں دلائیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی، حکومت سندھ کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سابق کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔