سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون جاری رہے گاجنرل باجوہ

September 13, 2019 12:13 pm0 commentsViews: 8

پاک فوج کی علاقائی امن و استحکام کیلئے خدمات قابل تعریف ہیں، میجر جنرل طلال عبداللہ
سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر کی جی ایچ کیو میں پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون جاری رہے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور علاقائی سیکورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ رائل سعودی فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔ میجر جنرل طلال عبداللہ نے پاک فوج کی علاقائی امن و استحکام کے لیے گراں قدر کردار کا اعتراف بھی کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعیدالمالکی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سعودی عرب کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ نے کہاکہ پاک فوج کا علاقائی امن واستحکام کے لیے کلیدی کردار ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آرمی میڈیکل کور کا اہم کردار ہے۔