علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

September 13, 2019 2:49 pm0 commentsViews: 4

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے علیم خان کی مسلسل غیر حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے۔ عدالت نے 30 ستمبر تک علیم خان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ اگست 2014 میں تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دھرنا دیا تھا جس کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکنان نے پولیس رکاوٹیں توڑ کر وزیراعظم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی تھی جس سے پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

اس کیس میں وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اسد عمر سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما نامزد ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں صدارتی استثنیٰ حاصل ہے۔