ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے بچہ سمیت 7 افراد لہولہان

September 16, 2019 1:45 pm0 commentsViews: 4

صفورا گوٹھ، چاکیواڑہ، الہٰ دین پارک، سہراب گوٹھ، نیو ٹائون، شاہ لطیف میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں کی لوٹ مار، پولیس
کراچی(کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم ملزمان اور ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے بچہ سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملیرکینٹ کے علاقے صفورہ گوٹھ الشہبازواٹرشوروم کے قریب موٹرسائیکل سوارمسلح ڈاکووں نے لوٹ مارکے دوران مزاحمت پرفائرنگ کرکے 25سالہ نعیم سندھی ولدپیربخش کوزخمی کردیامضروب کوطبی امدادکیلئے اسپتال منتقل کیاگیاجبکہ چاکیواڑہ تھانے کی حدود مرزا آدم خان روڈ گلستان کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بچہ سمیت دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول اسپتال لایا گیا جہاں ان کی شناخت 25 سالہ نفیس علی شاہ ولد فاروق علی شاہ اور 6 سالہ فرقان ولد محمد سلیم کے ناموں سے ہوئی، تاہم پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔ عزیز بھٹی کے علاقے الہ دین پارک کے قریب دوران ڈکیتی ملزمان نے 25 سالہ سفیر اللہ ولد عثمان کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، زخمی کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ سچل کے علاقے سہراب گوٹھ نیو فلائی اوور ڈائیوو بس اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے 33 سالہ فضل اللہ ولد کٹاوخان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ نیو ٹاون کے علاقے یونیورسٹی روڈ سینٹرل جیل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 20 سالہ شبیر صدیقی ولد محمد ندیم زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔شاہ لطیف ٹاون کے علاقے گلستان سوسائٹی گلی نمبر 5 مکان نمبر 152 کے باہر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 75 سالہ سلطان ولد محمد یوسف زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔